(اُردو ایکسپریس) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بشری بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کردیں، ان کی رہائی میں ایک یا زیادہ سے زیادہ دو ماہ لگ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے جلد رہائی کا امکان ہے ، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نے بشریٰ بی بی کی قانونی طریقے سے رہائی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، جس کے مثبت نتائج آئندہ ایک سے دو ماہ میں متوقع ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اس سلسلے میں سیاسی اور قانونی محاذ پر سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے،بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں سے ملاقات کی اور قانونی معاملات پر مشاورت کی۔اسیر رہنماؤں سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی سے طویل ملاقات کی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بیرسٹر گوہر خان بانی کی فیملی کو مذاکرات اور لچک کا مظاہرہ کرنے پر قائل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کی رہائی اور پارٹی کے دیگر معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ہفتہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے،اگلے ہفتے محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر خان اور علامہ راجہ ناصر عباس بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے مشترکہ ملاقات کریں گے تاکہ انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔ کوٹ لکھپت جیل میں قید دیگر رہنماؤں کی اپیلوں پر بھی جلد سماعت متوقع ہے۔