(اردو ایکسپریس) وفاقی دارالحکومت میں جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آگئی۔
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام پراپرٹیز کی ٹرانسفر فیس میں غیر معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے،نئی پالیسی کے تحت خریداروں کو اب ایف بی آر کی مقرر کردہ ویلیویشن پر 3کی بجائے صرف 1 فیصد ٹرانسفر فیس ادا کرنا ہوگی۔
اس فیصلے سے جائیداد کے لین دین پر مالی بوجھ نمایاں طور پر کم ہو گا جس سے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں تیزی آنے کی امیدکی جارہی ہے۔
یہ فیصلہ 9 اپریل 2026 کو سی ڈی اے بورڈ کے تیسرے اجلاس میں لیا گیا جس میں جولائی 2025 کا پرانا نوٹیفکیشن منسوخ کردیاگیا،نئے احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔سی ڈی اے حکام نے تمام متعلقہ شعبوں اور سٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے نئی اور کم شدہ فیس کے مطابق پراپرٹی ٹرانسفر کے عمل کو آگے بڑھائیں۔