پاکستان تازہ ترین

سربراہ خاندان کے انتقال پر لواحقین کو مالی امداد دینے کی منظوری

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے بعد عوام کو ایک اور بڑا ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے تمام شہریوں کے لیے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق لائف انشورنس سکیم کے تحت کسی بھی شہری کے خاندان کا کفیل اگر انتقال کر جائے تو حکومت متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد فراہم کرے گی، تاکہ وہ مالی مشکلات سے بچ سکیں۔

 

اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکیم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد مشکل وقت میں عوام کا سہارا بننا ہے۔ لائف انشورنس سکیم پر سالانہ 4.5 ارب روپے لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی۔

ڈاکٹر سیف نے سکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اگر 60 سال سے کم عمر کوئی سربراہِ خاندان وفات پا جائے تو اس کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ جبکہ 60 سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں کئی خاندان ایسے ہوتے ہیں جو اپنے واحد کفیل کے انتقال کے بعد شدید مالی بحران کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان حالات میں نہ صرف وہ ذہنی اذیت سے گزرتے ہیں بلکہ روزمرہ اخراجات چلانا بھی ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے یہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایسے خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔

 

ڈاکٹر سیف کے مطابق یہ سکیم صحت کارڈ کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا دوسرا بڑا فلاحی منصوبہ ہے، جو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ ہر شہری کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ مشکل وقت میں تحفظ بھی فراہم کیا جائے۔ اس سکیم سے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے، اور یہ منصوبہ جلد ہی عملی طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے