(اُردو ایکسپریس) پنجاب بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب (ایس ای ڈی) نے جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک جعلی نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 22 مئی سے 17 اگست 2025 تک گرمیوں کی تعطیلات دی جائیں گی۔
تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تاحال گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان یا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
محکمہ تعلیم کے ترجمان نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا کہ جو معلومات سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں وہ سراسر گمراہ کن، غلط اور غیر مصدقہ ہیں۔ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق کوئی بھی فیصلہ حکومتی پالیسی، موسم کی شدت اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، جب بھی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، وہ سرکاری چینلز کے ذریعے بروقت عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ تعطیلات سے متعلق باضابطہ اطلاع صرف محکمانہ ذرائع سے ہی فراہم کی جائے گی، لہٰذا غیر مصدقہ خبروں سے اجتناب برتا جائے۔