(اردو ایکسپریس) سیشن کورٹ لاہور نے جوئے کی ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں عروب جتوئی کا موبائل فرانزک کروانے کی استدعا منظور کرلی۔ایڈیشنل سیشن جج منصور علی قریشی نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔
ملزم ڈکی بھائی کی اہلیہ ملزمہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت پر سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر نے کہا کہ عروب جتوئی کا موبائل فرانزک کروانا ہے جس کے لیے مہلت دی جائے۔
اس موقع پر عدالت نے این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کرلیا۔
عدالت میں ملزمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ موبائل فرانزک کی رپورٹ ایک دو ہفتوں میں نہیں آتی رمضان کے بعد کی تاریخ دی جائے۔اس پر عدالت نے ملزمہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 24 مارچ تک توسیع کردی۔
جج منصور قریشی نے کہا کہ ملزمہ آئندہ اپنی حاضری یقینی بنائے، عبوری ضمانت میں حاضری معافی اب نہیں ملے گی۔