(اُردو ایکسپریس) برطانیہ کے علاقےچاڈویل میں بس ڈپو میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 36 ڈبل ڈیکر بسیں جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں اسے مبینہ طور پر دانستہ طور پر لگائی گئی آگ قرار دیا گیا ہے۔ مقامی فائر بریگیڈ کے مطابق آگ جمعہ کی شام تقریباً 6 بجے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بس اسٹوریج یارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کے لیے پانچ فائر ٹیمیں اور تقریباً 25 اہلکار موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ حکام کے مطابق شدید آگ کے باعث صرف بسیں ہی نہیں بلکہ اردگرد کے علاقوں میں بھی دھواں پھیل گیا، جبکہ کچھ مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔فائر سروس نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ابتدائی فائر انویسٹی گیشن سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آگ حادثاتی نہیں بلکہ مبینہ طور پر دانستہ طور پر لگائی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ دھوئیں کے بڑے بادل 20 میل سے زیادہ فاصلے تک دیکھے گئے جبکہ کئی علاقوں میں جلی ہوئی چیزوں کی بو بھی محسوس کی گئی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعے کے وقت مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو وہ تفتیشی اداروں سے رابطہ کرے تاکہ ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔