(اُردو ایکسپریس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکہ میں جدید طرز کا فضائی دفاعی نظام گولڈن ڈوم کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گولڈن ڈوم میری مدت کے اختتام تک فعال ہو جانا چاہیے۔ گولڈن ڈوم زمین اور فضا سے کسی بھی میزائل کے حملے کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام کو 3 سال میں مکمل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام کے کچھ حصے زمین کے گرد مدار میں بھی ہوں گے، اس سسٹم میں سیٹیلائیٹ ٹریکنگ اور اسپیس انٹرسیپٹرز بھی شامل ہوں گے۔
گولڈن ڈوم دفاعی نظام خلاسے داغے گئے میزائلوں کو بھی مار گرانے کے بھی قابل ہوگا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کینیڈا نے فضائی دفاعی نظام کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ امریکہ کی جانب سے کینیڈا کی اس حوالے سے مدد کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر گولڈن ڈوم پر 175 بلین ڈالر خرچ ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا وہ فن لینڈ کے قریب روسی فوجیوں کی خبروں سے پریشان نہیں ہیں۔