تازہ ترین دنیا

بنگلہ دیش کا پاسپورٹ پر دوبارہ ’’سوائے اسرائیل‘‘ لکھنے کااعلان

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) بنگلہ دیش کی حکومت نے جنرل پاسپورٹس میں دوبارہ ’سوائے اسرائیل‘ کی عبارت شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ فلسطین کے مسئلے پر بنگلہ دیش کی روایتی خارجہ پالیسی اور عوامی جذبات کے مطابق کیا گیا ہے،بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پاسپورٹس پر دوبارہ یہ عبارت درج کی جائے گی کہ ’یہ پاسپورٹ تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے، سوائے اسرائیل کے‘۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی پاسپورٹس میں اس فیصلے پر پہلے ہی عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ اور محکمہ امیگریشن و پاسپورٹس کے ذرائع کے مطابق یہ اقدام فلسطین کے حق میں بنگلہ دیش کے اصولی مؤقف اور عوامی احساسات کے پیش نظر اٹھایا جا رہا ہے،رپورٹس کے مطابق 2021 میں شیخ حسینہ کی حکومت کے دور میں ای پاسپورٹ سروس متعارف کرواتے وقت ’سوائے اسرائیل‘ کی عبارت پاسپورٹس سے ہٹا دی گئی تھی،اس فیصلے پر عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔گزشتہ سال عبوری حکومت کے دوران وزارت داخلہ نے 7 اپریل کو ایک خط جاری کیا تھا جس میں حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ پاسپورٹس میں دوبارہ یہ عبارت شامل کی جائے، تاہم اس وقت یہ فیصلہ مکمل طور پر نافذ نہیں ہوسکا تھا،واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ نہ ماضی میں سفارتی تعلقات رہے ہیں اور نہ ہی موجودہ وقت میں ہیں، 1971 میں قیامِ بنگلہ دیش کے بعد سے طویل عرصے تک بنگلہ دیشی پاسپورٹس پر یہ عبارت درج رہی کہ پاسپورٹ اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں۔ حکام کے مطابق پاسپورٹس کے واٹر مارک اور تصاویر میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، نئی تصاویر میں جولائی کی عوامی تحریک کی علامت سمجھے جانے والے ابو سعید کی تصویر شامل ہوگی جبکہ بعض پرانی تصاویر، جن میں شیخ مجیب الرحمان کا مزار اور مجیب نگر یادگار شامل ہیں، ہٹا دی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے