(اُردو ایکسپریس) معروف فرانسیسی اخبارلی مونڈے نے بھارت کےجھوٹ اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کردیا۔
فرانسیسی اخبار لی مونڈے نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان میں فوجی آپریشن نے بھارتی فضائیہ کی کمزوریوں کو ظاہرکردیا ہے، بھارت کے لڑاکا طیاروں بالخصوص رافیل کا تباہ ہونا بھارتی فضائیہ کیلئے شدید شرمندگی اور دھچکا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے کم از کم تین لڑاکا طیاروں کے نقصان کوتسلیم کرلیا ہے،پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہ ہونے والے بھارتی لڑاکا طیارں میں رافیل بھی شامل ہے ، بھارت کےسکیورٹی ذرائع نے فرانس کی خبر رساں ایجنسی کو طیاروں کی تباہی کے حوالے سے تصدیق کی ہے۔
فرانسیسی اخبار کے مطابق بھارت نےاپنی فضائیہ کی استعداد بڑھانے کیلئے 2016ء میں36 رافیل طیارے تقریباً 8 ارب یورومیں خریدے تھے، دسمبر 2024 میں بھارت کے آڈیٹر جنرل کی ایک رپورٹ میں بھارتی فضائیہ کے تکنیکی مسائل اور تربیت پر سنگین سوالات اٹھائے گئے تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستانی فضائیہ کے پاس 15 سال انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سےجنگی آپریشنز کابھارت سے زیادہ تجربہ ہے، پاکستان کے پاس جدید فرانسیسی اور چینی ساختہ لڑاکا طیارے بھارت کےمقابلے کیلئے موجودہیں، بھارت نے میڈیا کو لڑاکا طیاروں کی تباہی کی خبر ہٹانے پر مجبور کیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی جریدے کی بھارتی لڑاکا طیاروں کی تباہی کی خبر مودی حکومت اور بھارتی فضائیہ کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے، بھارتی فضائیہ کی نااہلی ، بھارت کے بزدلانہ حملے اور شرمندگی پر بین الاقوامی میڈیا نے بھی مہر ثبت کردی ہے۔