(اُردو ایکسپریس) امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک چور نے گرفتاری کے دوران ٹفنی اینڈ کمپنی کی مہنگی ہیرے جڑی بالیاں نگل لیں، جن کی مالیت تقریباً 21 کروڑ 56 لاکھ روپے (769,500 ڈالر) تھی۔
32 سالہ جیتھن گلڈر نے 26 فروری کو اورلینڈو میں ٹفنی اینڈ کمپنی کے اسٹور پر خود کو این بی اے کھلاڑی کا معاون ظاہر کرکے قیمتی زیورات دیکھنے کی درخواست کی۔ موقع ملتے ہی وہ دو جوڑی بالیاں لے کر فرار ہوگیا، مگر بھاگنے کے دوران تقریباً 5 لاکھ 87 ہزار ڈالر کی ایک قیمتی انگوٹھی اس کے ہاتھ سے گر گئی۔
پولیس نے اسی دن اسے گرفتار کرلیا اور دورانِ حراست اسے مختلف اشیاء نگلتے ہوئے بھی دیکھا۔ جیل لے جاتے وقت اس نے پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "مجھے انہیں کھڑکی سے باہر پھینک دینا چاہیے تھا!”
ملزم کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو ہفتوں تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا تاکہ چوری شدہ زیورات اس کے جسم سے خارج ہوسکیں۔ ایکسرے میں بالیاں اس کے پیٹ میں واضح نظر آئیں۔ آخرکار، مسلسل انتظار کے بعد پولیس نے چوری شدہ زیورات برآمد کر لیے، جن کی تصدیق دکان کے ماہر جوہری نے بھی کر دی۔
گلڈر اس وقت اورنج کاؤنٹی جیل میں قید ہے، جبکہ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے۔ اس پر 2022 میں ٹیکساس میں بھی ٹفنی اینڈ کمپنی کے اسٹور میں ڈکیتی کا الزام ہے، اور کولوراڈو میں اس کے خلاف 48 وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔