(اردو ایکسپریس) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ آکلینڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 205 رنز کا ہدف محض 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر عبور کر لیا۔
اوپننگ بیٹر حسن نواز نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 10 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ان کے ساتھ وکٹ کیپر محمد حارث نے 35 گیندوں میں 74 رنز کی شراکت قائم کی اور 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر جیکب ڈفی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کے باؤلر جیکب ڈفی نے واحد وکٹ حاصل کی، تاہم پاکستانی بلے بازوں کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے سیریز میں زبردست کم بیک کیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ اتوار کو ماؤنٹ مانگوئی میں جبکہ پانچواں اور آخری میچ 26 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔