(اردو ایکسپریس) میڈیکل کےطلبہ میں خودکشی اور ذہنی دباؤ کے بڑھتے ہوئے کیسزکے بعد پی ایم ڈی سی نے میڈیکل کالجز میں مینٹل ہیلتھ اسکریننگ پروٹوکول لازمی قرار دیدیا۔
پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل نے میڈیکل کالجز کیلئے ہدایات جاری کی ہے کہ طلبہ اور فیکلٹی کی ذہنی صحت کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
صدرپی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ داخلے کے وقت اور سالانہ بنیادوں پر ذہنی صحت چیک ہو گی جس کے لیے باقاعدہ سکریننگ، ذہنی مسائل کی بروقت نشاندہی اور علاج یقینی بنائیں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق اداروں میں ڈیپارٹمنٹ آف سائیکاٹری اور کونسلنگ سیکشن قائم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، ذہنی دباؤ کے شکار طلبہ واساتذہ کو ماہرین نفسیات کے پاس ریفر کیا جائے، مؤثر کونسلنگ اور اسکریننگ سے تعلیمی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیت بہترہوگی۔صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق ادارےخفیہ اور معیاری نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کیلئے مکمل سہولت اور اسٹاف رکھیں، ادارے فوری عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں ہو گی۔