تازہ ترین سائینس و صحت

سروائیکل کینسر ویکسین کیخلاف پروپپگنڈہ کرنیوالوں کے اکاؤنٹس بندہونگے:حکومت نے خبردار کردیا

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) حکومت نے سروائیکل کینسر ویکسین مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو خبردار کردیا ہے کہ سوشل میڈیا اکاونٹس بند ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سروائیکل کینسر ویکسین کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری منفی مہم اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے سروائیکل کینسر ویکسین مخالف پروپیگنڈا پر ایف آئی اے سے مدد مانگ لی، اس سلسلے میں وزارت قومی صحت نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ونگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ سائبر کرائم ونگ کینسر ویکسین مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے اور ویکسین کےبارے میں غلط معلومات پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے فوری طور پر بلاک کیا جائے اور اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے گرفتار کیا جائے۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایچ پی وی ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، ویکسین کےبارے میں پروپیگنڈاکرنے والوں کی شناخت ممکن ہے،ویکسین کے بارے میں پروپیگنڈاسماجی آگاہی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں، اس سے لاکھوں نوجوان بچیوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ملکی تاریخ کی پہلی قومی انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسی نیشن مہم اس وقت سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں جاری ہے جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران 9 تا 14 سالہ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جا رہی ہے تاکہ انہیں مہلک سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھا جا سکے۔ وزارت صحت کے مطابق اس قومی مہم کو صوبائی محکمہ صحت کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف بھی اس مہم میں خصوصی کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت اور عالمی پارٹنرز نے واضح کیا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین مہم کی کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی کو بھی بچیوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے