تازہ ترین کرائم

لڑکے کی بلیک میلنگ سے تنگ 16 سالہ لڑکی نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) مری میں کوٹلی ستیاں کے گاؤں آریاڑی میں مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آ کر 16 سال کی لڑکی نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔

 

تفصیلات کے مطابق کوٹلی ستیاں کے گاؤں آریاڑی میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اوباش شخص کی مبینہ بلیک میلنگ اور مسلسل ہراسانی سے تنگ آ کر 16 سالہ لڑکی نے خود پر پٹرول چھڑک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سات دن قبل پیش آیا تھا، جہاں لڑکی نے اپنے گھر سے ملحقہ ایک زیرِ تعمیر مکان میں جا کر خودسوزی کی۔ آگ لگنے کے باعث لڑکی شدید جھلس گئی، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پولیس کو اس واقعے کی معلومات ملیں، فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

 

مقدمے کے متن کے مطابق ملزم کی شناخت لڑکی کے پڑوسی ‘حامد’ کے نام سے ہوئی ہے جو مختلف نمبروں سے کالز اور پیغامات بھیج کر لڑکی کو مسلسل ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہا تھا اور بلیک میل کر رہا تھا۔

 

درج مقدمے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم کی اس گھناؤنی حرکت کے بارے میں اس کے خاندان کو بھی آگاہ کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود ملزم نے ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہیں کیا۔ آخر کار اوباش شخص کی روز روز کی بلیک میلنگ سے دلبرداشتہ ہو کر کمسن لڑکی نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

 

ڈی پی او مری نے میڈیا کو بتایا کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزم کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے