(اردو ایکسپریس) عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہ ہوسکا ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 299.50 روپے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئل کمپنیز کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر نقصان پر خط کام کرگیا ،ذرائع کے مطابق عوام کو پیٹرول اور ڈیزل پر ملنے والا ریلیف رک گیا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی مختلف اقسام مزید سستی ہو گئی ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت کم ہو کر 68 اعشاریہ 65 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ اسی طرح برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بھی گھٹ کر 71 اعشاریہ 52 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ ابوظہبی مربان کروڈ کی قیمت 65 اعشاریہ 98 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی طلب و رسد اور مارکیٹ کے رجحانات خام تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کاکہنا تھا کہ آج پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی،وزیراعظم کی ہدایت ہے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو دیا جائے،ان کاکہناتھا کہ پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے کا اثر ہر چیز پر پڑے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھی گزشتہ روزاشارہ دیا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ابھی مزید کمی ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے سمری تیار کر لی ہے جس میں 20 سے 50 روپے فی لیٹر تک ممکنہ کمی پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔