بزنس تازہ ترین

آئی ایم ایف کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری اضافہ کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات میں آئی ایم ایف نے حکومت پر زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی نہ دی جائے اور قیمتوں میں اضافے کا بوجھ فوری طور پر عوام پر منتقل کیا جائے۔ مذاکرات میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ پٹرول اور ڈیزل پر موجود پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے اہداف برقرار رکھے جائیں۔ واضح رہے کہ مالی سال کے آخر یعنی 30 جون تک 1468 ارب روپے لیوی جمع کرنے کا ہدف مقرر ہے، جس میں سے جولائی تا دسمبر کے 6 ماہ میں 822 ارب روپے (60 فیصد سے زائد) جمع کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے لیے توانائی کی بچت کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، ابتدائی منصوبے کے تحت اسکولوں اور کالجوں کو آن لائن کلاسز پر منتقل کرنے کی تجویز ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں یونیورسٹیوں اور سرکاری دفاتر کو ‘سمارٹ ورکنگ’ (گھر سے کام) پر منتقل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ دکانوں اور مارکیٹوں کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات مقرر کرنے کے ساتھ گروسری اور ریسٹورنٹس کے لیے صرف ڈلیوری سروس کی سفارش کی گئی ہے، ان تجاویز پر عملدرآمد کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، تاہم بدلتی ہوئی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم کو جلد مختلف سپلائی روٹس اور قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی منتقلی روکنے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سخت کارروائیوں کی بھی تجویز دی گئی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے