(اُردو ایکسپریس) پنجاب حکومت نے چینی پر شوگر سیس نافذ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا،جس کے بعد پنجاب میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد عام صارفین اور دکانداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 40 کلو گرام چینی پر 5 روپے شوگر سیس عائد کیا گیا ہے۔ یہ ٹیکس پنجاب فنانس ایکٹ 1964 کے تحت نافذ کیا گیا، جس کا اطلاق صوبے بھر میں ہوگا۔
حکام کے مطابق اس سیس میں سے ڈھائی روپے شوگر ملز جبکہ ڈھائی روپے کسانوں کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ شوگر سیس سے حاصل ہونے والی آمدن شوگر ملز سے منسلک سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بہتری پر خرچ کی جائے گی تاکہ دیہی علاقوں میں نقل و حمل کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے،اس اقدام سے کسانوں اور صنعت دونوں کو طویل مدت میں فائدہ پہنچے گا۔