پاکستان تازہ ترین

نادرا نے نیا برتھ نوٹیفکیشن ٹول متعارف کرا دیا

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) پاکستان میں بچوں کی پیدائش کے فوراً بعد ان کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز، آسان اور ڈیجیٹل بنانے کیلئے نادرا نے نیا برتھ نوٹیفکیشن ٹول متعارف کرا دیا۔

اس جدید نظام کے تحت بچے کی پیدائش ہوتے ہی والدین کو خودکار ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس کے ساتھ ہی قانونی شناخت کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔

 

نادرا کے مطابق یہ نظام ملک بھر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے تعاون سے نافذ کیا گیا ہے، جیسے ہی کسی ہسپتال یا طبی مرکز میں بچے کی پیدائش ہوتی ہے، والدین کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر فوری اطلاع پہنچ جائے گی۔ یہ پیغام نہ صرف ایک اطلاع ہوگا بلکہ پیدائش کے ابتدائی ریکارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔

 

نادرا کے ترجمان سید شہابت علی نے بتایا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کے شہری اندراج کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے، جہاں شناخت کا عمل پیدائش کے وقت ہی شروع ہو جاتا ہے، ماضی میں ابتدائی رجسٹریشن میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ رہی ہے، جسے اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام والدین کو یونین کونسل میں پیدائش کی رجسٹریشن کے مرحلے میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ رجسٹریشن کا پہلا اور لازمی مرحلہ یونین کونسل سے پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہے، جو بعد میں تمام سرکاری دستاویزات کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

 

والدین یہ عمل بچے کے شناختی کارڈ، ہسپتال کے ریکارڈ یا نادرا کے بھیجے گئے ایس ایم ایس کی مدد سے مکمل کر سکیں گے۔نادرا نے اس سروس کو پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کے ذریعے سندھ اور پنجاب میں فعال کر دیا ہے، جبکہ بلوچستان میں توسیع کا عمل جاری ہے، خیبرپختونخوا میں اس منصوبے پر عمل درآمد منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے