(اُردو ایکسپریس) پاکستان نے مشترکہ آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کے لیے ایک فوجی فضائی دستہ سعودی عرب پہنچا دیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز پاکستان ائیر فورس کے ایک سکواڈرن کی سعودی عرب میں موجودگی کی تصدیق کی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ پاکستان ائیر فورس کے سکواڈرن کی سعودی عرب میں موجودگی علاقائی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی دفاعی تعلق اور تعاون کی مظہر ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے ایک فعال سکواڈرن کی انتہائی کشیدگی اور غیر یقینی کی صورتحال میں سعودی عرب میں تعیناتی اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے سامنے آئی ہے۔پاکستان ائیر فورس کا سکواڈرن پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کے مشرقی صوبے میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر پہنچا۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے وزارت دفاع کے حوالے سے رپورٹ کیا، "اس فورس میں پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیارے شامل ہیں۔ اس کا مقصد سعودی اور پاکستانی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ فوجی کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا اور آپریشنل تیاریوں کو بڑھانا ہے تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو مزید سپورٹ کیا جا سکے۔” پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک تعلقات ہیں جن میں دفاع کا ایک اہم معاہدہ حال ہی میں ہوا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی فورسز باقاعدگی سے مشترکہ مشقیں بھی کیرتی رہتی ہیں۔ اور علاقائی سلامتی کے امور پر مسلسل رابطہ میں رہتی ہیں۔