(اُردو ایکسپریس) اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹریفک پولیس کے لیے ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک وہیکلز فراہم کی گئی ہیں، جو وزیراعظم کے ویژن اور حکومت کی توانائی بچت کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کی دور اندیش پالیسی کے تحت خلیج کا بحران شروع ہونے سے قبل ہی فیول اکانومی اور برقی گاڑیوں کی پالیسی پر کام شروع کر دیا گیا تھا، جبکہ ان گاڑیوں کی پروکیورمنٹ چند ماہ قبل ہی آغاز کر دی گئی تھی۔ مزید بتایا گیا کہ ہر گاڑی کے لیے ایک کپتان، ایک مرد ریسپانڈر، ایک ریسپانڈر اور ایک ڈرائیور پر مشتمل عملہ ہوگا، جن کے لیے خصوصی یونیفارم بھی تیار کیے جائیں گے، بریفنگ کے مطابق یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات رہیں گی تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ایک مکمل چارج شدہ گاڑی 350 سے 400 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چارجنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ فاسٹ چارجنگ میں 60 سے 90 منٹ جبکہ نارمل چارجنگ میں 6 سے 8 گھنٹے درکار ہوں گے، مزید کہا گیا کہ پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں ان الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی ماہانہ 0.55 ملین روپے تک کی بچت ممکن ہوگی، جبکہ یہ گاڑیاں 13 سے 14 ماہ میں اپنی لاگت پوری کر لیں گی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جلد مزید 15 الیکٹرک وہیکلز بھی اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، اور یہ اقدام وفاقی حکومت کے جدید ٹریفک مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال خوش آئند اقدام ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کا زرمبادلہ بچانے کے لیے الیکٹرک وہیکلز کا استعمال خوش آئند ہے، اس اقدام سے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پر مسلسل بڑھ رہی ہیں، اگر الیکٹرک وہیکلز پورے ملک میں پھیلا دیں تو زرمبادلہ پر مثبت اثر پڑےگا، امید ہے ملک میں بھر میں اس منصوبے کی تقلید کی جائےگی، اور صوبائی حکومتیں بھی الیکٹرک وہیکلز کا استعمال کریں گی۔