پاکستان تازہ ترین

توانائی بحران شدت اختیار کر گیا، پنجاب میں ہنگامی اقدامات زیر غور

Share:
Spread the love

(اُردو ایکسپریس) محکمہ توانائی پنجاب نے بڑھتے ہوئے توانائی بحران کے پیش نظر حکومت کو اہم سفارشات پیش کر دی ہیں، جن میں ایندھن کی راشننگ سے لے کر تعلیمی اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندیوں تک متعدد سخت اقدامات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت پنجاب میں وفاقی طرز پر فیول راشننگ کا نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم نافذ کیا جا سکتا ہے، مزید برآں مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ تعلیمی شعبے کے حوالے سے 15 اپریل تک اسکولوں اور کالجوں میں تعطیلات دینے اور ہائبرڈ نظام تعلیم اپنانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔رپورٹ میں نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی کو لازمی قرار دینے، جبکہ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ توانائی بچانے کے لیے شہری سطح پر بھی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں میٹرو اور بس سروسز میں اضافہ، ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنا، اور رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر منتقل کرنا شامل ہے۔ مزید برآں، مارکیٹوں کے اوقات کار کو محدود کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ بجلی اور ایندھن کی کھپت میں کمی لائی جا سکے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سفارشات پر جلد حتمی فیصلہ متوقع ہے، جس کے بعد صوبے بھر میں باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے