(اُردو ایکسپریس) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہے گا اور مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مزید بارش متوقع ہے، جبکہ درجہ حرارت میں کمی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ادھر کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23.2 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔