(اُردو ایکسپریس) پنجاب میں 2026 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل، جعلسازی اور بے ضابطگیوں کے خاتمے اور شفافیت بڑھانے کے لیے طلبا کی ڈیجیٹل بایومیٹرک تصدیق متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) میں منعقدہ ایک اجلاس میں طلبا کی بائیومیٹرک تصدیق کا فیصلہ کیا گیا۔پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بھی اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ جن میں معیاری گریڈنگ سسٹم، لیبارٹریز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم شامل ہیں۔ تاکہ انسانی غلطیوں اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔اس کے علاوہ امتحانی عملے اور نگرانوں کو زیادہ معاوضہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ تاکہ دیانتداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ٹاسک فورس کمیٹی کے چیئرمین مزمل محمود نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے نتائج پر اثر انداز ہونے یا رشوت کے ذریعے مداخلت کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔