(اردو ایکسپریس) لاہور میں بسنت کے دوران مفت ٹرانسپورٹ کا منصوبہ فائنل ہوگیا، شہریوں کو میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔ لاہور میں بسنت کے دوران شہریوں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا منصوبہ حتمی شکل دے دی گئی ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں 6 سے 8 فروری تک شہر بھر میں شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر نے بتایا کہ روزانہ 6 لاکھ مسافر فری سفر سے مستفید ہونگے، ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک اورنج لائن میٹرو سے 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو سہولت ملے گی۔ لاہور کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ 64 میٹرو بسوں کیساتھ شاہدرہ سے گجومتہ تک فری سفر کی سہولت حاصل ہوگی، میٹرو بس سروس کے ذریعے روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر فری سفر کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور فیڈر روٹس کے لیے 188 بسیں، لاہور کے 21 روٹس پر رواں دواں ہونگیں، پی ایم اے کے تحت 40 الیکٹرک بسیں لاہور کے 2 روٹس پر سہولت فراہم کرینگے، بسنت پر شہری مفت سفری سہولت حاصل کریں گے۔