(اردو ایکسپریس) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی مواد شیئر کرنے والوں کو ایک بار پھر خبردار کر دیا۔ پی ٹی اے کی نئی وارننگ میں کہا گیا کہ صارفین غیر قانونی آن لائن مواد سے خبردار رہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اظہارِ رائے کی آزادی ہر فرد کا حق ہے لیکن اس آزادی کے نام پر غیر قانونی مواد کی تشہیر یا سرگرمیاں ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مذاہب، مقدس شخصیات کی توہین، توہینِ رسالت، کسی بھی شخصیت، فرد یا ادارے کے خلاف اشتعال انگیز مواد، دفاعی اداروں اور دیگر قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور جھوٹا پروپیگنڈا، فحش، غیر اخلاقی مواد اور جعلی خبروں/ فیک نیوز کی تشہیر پیکا ایکٹ 2016 کے تحت غیر قانونی اور قابلِ گرفت جرم ہیں۔اتھارٹی نے عوام سے اپیل ہے کہ عوامی مفاد اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے کیلیے ایسے مواد کی اطلاع PTA CMS موبائل ایپ کے ذریعے دیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نامناسب مواد رپورٹ کر کے، قومی اداروں اور شہریوں خاص طور سے بچوں کےتحفظ کو یقینی بننا ہر شہری کا فرض ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ہدایات میں کہا گیا کہ بچوں کے آن لائن تحفظ کو خاص طور سے یقینی بنائیں، بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یا پی ٹی اے کو بلاکنگ/ریموول کیلیے رپورٹ کریں۔ شہریوں کیلیے آسانی کیلیے پی ٹی اے نے کسی بھی طرح کے غیر قانونی اور نامناسب مواد رپورٹ کرنے کا طریقہ کار بتایا ہے جو درج ذیل ہے:نامناسب مواد رپورٹ کرنے کیلیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر کلک کریں، اس قومی ویب سائٹ پر آ کر ای سروس میں جا کر اپنی کمپلین درج کریں۔ "غیر قانونی آن لائن کونٹینٹ” سلیکٹ کریں، اپنا نام وغیرہ معلومات فراہم کریں، کیٹیگریز میں جا کر وہ شعبہ سلیکٹ کرین جس سے متعلق غیر قانونی مواد آپ کو کہیں نظر آیا ہے۔ مثلاً بچوں کے متعلق نامناسب مواد کے حوالے سے رپورٹ کرنے کے لئے چائلڈ ابیوز سلیکٹ کریں۔ نا مناسب اور غیر قانونی مواد جہاں دیکھا ہے اس پلیٹ فارم اور مواد کا متعلقہ لنک یا سکرین شاٹ کی معلومات فراہم کریں۔خاص طور سے بچوں سے متعلق نامناسب مواد رپورٹ کرنے کیلیے 1121 پر کال کریں، بچوں کا آن لائن تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔