(اُردو ایکسپریس) کوٹلی آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی آبادی پر گولہ باری سے شیر خوار بچی سمیت 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
ایس پی کوٹلی کے مطابق آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے آبادی پر گولا باری کی، جس کے نتیجے میں نومولود بچی سمیت 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔
باغ میں مکان پر گولہ گرنے سے نوجوان شہید اور 2 بہنیں زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں تباہ کردیں
دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی کمپلیکس اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس مکمل تباہ کردی گئیں، ان پوسٹوں کی تباہی سے بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بھی کئی بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہوچکی ہیں۔
قبل ازیں پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی پر مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر اور چیک پوسٹ کو تباہ کردیا جبکہ جبکہ بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک کو شدید نقصان پہنچا۔
لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستان نے بھارتی فوج کی شرانگیزی کے خلاف موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کر دیا، جھنڈا زیارت پوسٹ کی تباہی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
راولاکوٹ میں ہجیرہ میں بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پلیارنی کالونی میں بھی بھارتی فوج کی گولہ باری سے ایک شخص زخمی ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے بھی پاک فوج کی مؤثر کارروائی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، اس سے قبل بھی پاکستان کی مؤثرجوابی کارروائی کی بدولت بھارتی فوج کو کئی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرانا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
اس کے علاوہ قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کے لیے اجازت اور مکمل اختیارات دے دیے ہیں، پاکستان نے بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔