(اُردو ایکسپریس) چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اب دوسروں کے نتائج پر منحصر ہوچکی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف شکست اور پھر بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے ہار کے بعد پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی میں آگے بڑھنا مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم اب بھی تکنیکی طور پر موقع موجود ہے، لیکن اس کے لیے کئی شرائط کا ہورا ہونا ضروری ہے۔
پاکستان کو 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلادیش کے خلاف میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔ لیکن صرف جیت کافی نہیں ہوگی، نیوزی لینڈ کو بھی اپنے دونوں میچز، یعنی پہلے بنگلادیش اور پھر بھارت کے خلاف ہارنا ہوگا۔
اگر کیوی ٹیم یہ دونوں میچ ہار جاتی ہے تو بھی فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا، جس کے لیے پاکستان کو بھاری مارجن سے کامیابی درکار ہوگی۔
پاکستانی شائقین کے لیے 26 فروری کو نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان میچ نہایت اہم ہوگا۔
اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیت جاتا ہے یا بارش کے باعث میچ بے نتیجہ رہتا ہے تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔ تاہم، اگر بنگلادیش نیوزی لینڈ کو شکست دیتا ہے، تو پاکستان کی امیدیں زندہ رہیں گی اور بنگلادیش کے خلاف میچ فیصلہ کن اہمیت اختیار کر جائے گا
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو مارچ کو ہونے والا میچ بھی سیمی فائنل کی صورتحال پر اثر ڈال سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے، اور 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں اس ٹائٹل کو اپنے نام کر چکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قسمت پاکستان کا ساتھ دیتی ہے یا نہیں۔