( اُردو ایکسپریس) پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ا سیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM)کی جانب سے منعقد کردہ شاندار تین روزہ پاکستان آٹو پارٹس شو2024(PAPS)،آج لاہور ایکسپو سینٹر میں کامیابی کے ساتھاختتام پزیر ہو گیا۔ اس ایونٹ کا آغاز "ہماری اپنی آٹو صنعت”کی تھیم کے تحت 25 اکتوبرسے ہوا تھاجس میں 150 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی،
جن میں 44 بین الاقوامی نمائش کنندگان، 51 PAAPAM کے اراکین اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل تھے۔تقریباً 400,000 سے زائد افراد کی شرکت کے ساتھ پاکستان آٹو پارٹس شو2024 پاکستان کا سب سے بڑا آٹو موٹو ایونٹ بن گیاہے،
جس میں ہونڈا، ٹویوٹا، ہنڈائی اور سوزوکی جیسے بڑے ناموں نے اپنی جدید مصنوعات اور نئی گاڑیوں کی رونمائی کی۔ اس موقع پر چیف گیسٹ، یونیورسٹی آف لاہور کے وائس چانسلر، جناب عزیر راؤف نے پاکستان آٹو پارٹس شو2024 کے کنوینر اور دیگر معززین کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔ پاکستان آٹو پارٹس شو2024کے اختتامی روز تمام نمائش کنندگان کو PAAPAMکی جانب سے شیلڈز تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی صنعت میں خدمات اور PAPS 2024میں شرکت کو سراہاجا سکے۔اس ایونٹ کے موقع پر ایک انوویشن پرائز تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں ان کمپنیوں کو ایوارڈز دیے گئے جنہوں نے آٹو پارٹس اور اوریجنل ایکوپمنٹ مینوفیکچرنگ (OEM) میں انقلابی پیش رفت کی ہے۔اس کے علاوہ، ایک خصوصی ”لائیو ڈرائنگ اور اسکلپچر ایوارڈز” سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں ان فنکاروں کے تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا گیا
جنہوں نے پاکستان کی آٹوموٹیو صنعت کے جوش و جذبے کو اپنے فن کے ذریعے اجاگر کیا۔اس ایونٹ کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستان آٹو پارٹس شو 2024 کے چیف آرگنائزر، سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ ” پاکستان آٹو پارٹس شو کی یہ تین روزہ نمائش ایک بار پھر پاکستان کی آٹوموٹوصنعت میں جدت، تعاون اور ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کے امتزاج نے نہ صرف انڈسٹری کی تخلیقی صلاحیتوں اور تکنیکی ترقی کو نمایاں کیا بلکہ ہمارے آٹوموٹو شعبے کے روشن مستقبل کی جھلک بھی دی”.
پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ا سیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM)کے صدر عثمان اسلم ملک نے ایونٹ کی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے PAAPAMکے تمام ممبران خصوصاً کنوینر ریحان ریاض اور سیکرٹری جنرل انس ہارون کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان آٹوپارٹس شو کی کامیابی ہمارے ممبران اور اسپانسرز کی محنت کا نتیجہ ہے، جن کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔”مزید براں انہوں نے اعلان کیا کہ اگلا پاکستان آٹو پارٹس شو 2025 میں کراچی میں ہوگا۔پاکستان آٹو پارٹس شو 2024 کو ایک شاندار اسپانسرز کی فہرست کی حمایت حاصل تھی،
جس میں ڈائمنڈ اسپانسرز ٹویوٹا، چنگان اور سوزوکی شامل ہیں؛ پلاٹینم اسپانسرز ہنڈائی، ایل ایم سی، سازگار، ایم جی اور بی وائی ڈی؛ اور گولڈ اسپانسرز ہونڈا، اٹلس ہونڈا، نیو ایشیا اور بیئر میکس شامل ہیں۔ پاک ویلز ڈاٹ کام نے ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر کے طور پر شرکت کی، جبکہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) نے اہم پارٹنرز کے طور پر قیمتی معاونت فراہم کی۔ایونٹ کے دوران صنعت کے رہنماؤں، معززین اور عوام نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا معائنہ کیا، اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کیے، اور OEM فیسلیٹیز کے صنعتی دوروں میں حصہ لیا، جس سے آٹو مینوفیکچرنگ میں تازہ ترین جدتوں کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔ نمائشوں، ٹیسٹ ڈرائیوز، صنعتی دوروں اور ایوارڈز کے مجموعے نے پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا ہے، جس سے شرکاء اور منتظمین مستقبل میں مزید کامیابیوں اور اشتراکات کے منتظر ہیں