کھیل

پاکستانی سابق بولر محمد آصف نے شاہین اور حارث کو دو ٹکے کے بولر قرار دے دیا

Spread the love

(اُردو ایکسپریس)

محمد آصف نے حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں صرف دو دو اوور کے باؤلرز ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر حارث رؤف کے بارے میں کہا کہ وہ حیران ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کیسے جگہ بنانے میں کامیاب ہوا، کیونکہ اس کے پاس محض رفتار ہے، جو اب وہ بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق، حارث اور شاہین مکمل دس اوورز کے باؤلرز نہیں ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، محمد آصف نے کہا کہ اگر انہیں ایک چھکا لگ جائے تو وہ اپنی لائن اور لینتھ کھو بیٹھتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آخری اوور میں صرف 20 رنز بھی بچانے ہوں، تب بھی شاہین اور حارث پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ پہلے شاہین اپنی ابتدائی وکٹوں کی وجہ سے کامیاب ہوتے تھے، لیکن اب دنیا کے بلے باز ان کی ایک جیسی لائن، خاص طور پر پیڈز پر گیند مارنے کی حکمت عملی سے واقف ہو چکے ہیں، اور پہلے سے اس کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

البتہ، آصف نے نسیم شاہ کو ایک مکمل باؤلر قرار دیا اور کہا کہ ان پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں حقیقی صلاحیت ہے اور وہ مکمل دس اوورز کرانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے شعیب اختر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں ان سے زیادہ تیز اور مؤثر باؤلر کوئی نہیں آیا۔ وہ ٹیسٹ میچز میں بھی دن میں 20 اوورز سے زیادہ کراتے تھے، مکمل ردھم، سوئنگ اور اسپیڈ کے ساتھ۔ شعیب اختر اپنی رفتار اور سوئنگ سے بلے بازوں کو ڈرا کر آؤٹ کرتے تھے، جبکہ موجودہ باؤلرز کے پاس نہ سوئنگ ہے، نہ اسپیڈ، نہ فٹنس اور نہ ہی ڈسپلن—پھر بھی یہ پاکستان کے مین باؤلرز ہیں!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے