(اُردو ایکسپریس) ٹک ٹاکرز دانیہ شاہ اور ان کے شوہر حکیم شہزاد لوہا پاڑ کی گاڑی کو لودھراں کے قریب ایک سنگین حادثہ پیش آیا، جس میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل غلط سائیڈ سے آ کر ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حکیم شہزاد کے مطابق، وہ خود گاڑی نہیں چلا رہے تھے بلکہ ان کے ڈرائیور گاڑی کے کنٹرول میں تھے، جبکہ ان کے ساتھ ان کی ٹیم کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
حادثے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور حکیم شہزاد کو بھی سر پر چوٹ لگی، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئے۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جبکہ اس کی اہلیہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حکیم شہزاد نے اس حادثے کے بعد نشے میں گاڑی چلانے جیسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ تھا۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے شخص کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔
یاد رہے کہ دانیہ شاہ، جو ماضی میں معروف اسکالر عامر لیاقت کی اہلیہ رہ چکی ہیں، نے جولائی 2024 میں حکیم شہزاد لوہا پاڑ سے شادی کی تھی۔