(اُردو ایکسپریس) ٹورنٹو میں حادثاتی لینڈنگ کرنے والی پرواز کے تمام مسافروں کے لیے 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔
ڈیلٹا ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں حادثاتی لینڈنگ کرنے والی اپنی پرواز میں سوار تمام مسافروں کو 30 ہزار ڈالر دے گا۔
اس پرواز میں 76 مسافر اور ایئر لائنز کے عملے کے چار افراد سوار تھے اور یہ امریکہ کے شہر منیاپولس سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جا رہی تھی۔
مزید پڑھیں: امریکی طیارہ کے ساتھ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثہ
پیر کو ٹورنٹو میں حادثاتی لینڈنگ کرنے والے اس طیارے کے مسافروں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔
جب ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز رن وے پر اتری تو اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ طیارہ ڈرامائی انداز میں الٹ گیا اور نتیجتاً طیارے کے دم اور پر ٹوٹ پھوٹ گئے۔
اس طیارے پر سیٹ بیلٹ پہنے 80 لوگ سوار تھے جو طیارہ الٹنے پر اس میں پھنس گئے تھے مگر وہ باہر نکلنے کے لیے سامان ہٹاتے ہوئے برف میں ڈھکے رن وے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
اس میں واقعے میں کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی جبکہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ آخر طیارہ لینڈ کرتے ہوئے کیسے الٹ گیا۔
ہوابازی کے ماہرین کی رائے ہے کہ سخت موسمی حالات اس کی ایک وجہ ہو سکتے ہیں یا پھر یہ بھی ممکن ہے کہ طیارہ کسی چیز سے ٹکرایا ہو گا۔
ان کا خیال ہے کہ طیارے کے حفاظتی اقدامات اس قدر عمدہ تھے کہ حادثے کے باوجود لوگوں کی جانیں بچ گئیں۔