(اُردو ایکسپریس) سندھ کے ضلع خیرپور کے شہر رانی پور میں واقع گمس اسپتال میں جگر کی پیوند کاری کے دوران 20 سالہ مقدس زندگی کی بازی ہار گئی۔ مقدس نے اپنے بیمار والد کو جگر عطیہ کرنے کے لیے آپریشن کرایا، مگر حالت بگڑنے پر وہ جانبر نہ ہوسکی۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کی وجہ سے مقدس کی جان گئی، اور جب حالت خراب ہوئی تو ڈاکٹرز انہیں تسلیاں دیتے رہے۔ رات 2 بجے اہلخانہ کو فون کر کے مقدس کو واپس لے جانے کا کہا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ ورثا نے شجاع آباد میں تدفین کر دی، جبکہ بیٹی کے انتقال کی خبر سنتے ہی والد کی طبیعت مزید خراب ہو گئی۔ گمس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفصیلات معلوم کیے بغیر مؤقف نہیں دیا جا سکتا، تاہم ایسے کیسز شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔