(اردو ایکسپریس) آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایک کرکٹ میچ کے دوران 40 سالہ کرکٹر جنید ظفر خان انتقال کر گئے۔ یہ واقعہ کونکورڈیا کالج اوول میں شدید گرمی کے دوران پیش آیا، جب درجہ حرارت 41.7 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ جنید ظفر خان نے پہلے 40 اوورز فیلڈنگ کی اور پھر 7 اوورز بیٹنگ کی۔ بیٹنگ کے دوران وہ اچانک گر پڑے اور دوبارہ اٹھ نہ سکے۔ طبی عملے نے فوری طور پر سی پی آر کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جنید ظفر خان روزے رکھ رہے تھے، لیکن میچ کے دن انہیں پانی پیتے ہوئے دیکھا گیا۔ کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی عملے نے بھرپور کوشش کی، لیکن افسوس کہ کرکٹر جانبر نہ ہو سکے۔ ایڈیلیڈ ٹرف کرکٹ ایسوسی ایشن کے قوانین کے مطابق، اگر درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر ہو تو میچ منسوخ کر دیا جاتا ہے، اور 40 ڈگری سے اوپر خصوصی احتیاطی تدابیر کے ساتھ میچز کھیلے جاتے ہیں۔
صدر اسلامک سوسائٹی کے مطابق، جنید ظفر خان کے انتقال کی باضابطہ وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، اور ایسی کوئی شہادت نہیں ملی کہ روزہ رکھنا ہی اچانک طبی واقعات کی وجہ بنتا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ کرکٹ کے میدان میں کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیتا ہے، خاص طور پر شدید موسمی حالات میں کھیلنے کے دوران۔