(اُردو ایکسپریس) جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک بازار کی مسجد میں آج نمازِ جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) آصف بہادر کے مطابق، دھماکہ خیز مواد مسجد کے اندر محراب کے قریب نصب کیا گیا تھا، جو نماز کے دوران پھٹ گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں مولانا عبداللہ ندیم اور دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اعظم ورسک کے علاقے میں امام مسجد پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، جس میں خاتون جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
حالیہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔