(اُردو ایکسپریس) برطانیہ کے علاقے ہرٹفورڈشائر میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں سابق فوجی کائل کلفرڈ نے اپنی سابق گرل فرینڈ، اس کی بہن اور والدہ کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔
25 سالہ لوئیز ہنٹ نے کلفرڈ کے ساتھ 18 ماہ پر مشتمل تعلق ختم کر دیا تھا، جس پر وہ شدید مشتعل ہو گیا۔ لوئیز کے اہلِ خانہ کو بھی اس تعلق پر تحفظات تھے، کیونکہ کلفرڈ کا رویہ متکبر اور جارحانہ تھا۔
کلفرڈ نے قتل سے چند دن قبل 350 پاؤنڈ میں آن لائن تیر کمان خریدا، ساتھ ہی ایک چھری، پیٹرول اور دیگر خطرناک اشیا کا آرڈر بھی دیا۔ پولیس کے مطابق، اس نے یوٹیوب پر متنازع شخصیت انڈریو ٹیٹ کی ویڈیوز بھی دیکھی تھیں، جو خواتین کے خلاف سخت نظریات رکھتے ہیں۔
9 جولائی کو کلفرڈ لوئیز کے گھر پہنچا، پہلے اس نے تصدیق کی کہ ان کے والد جان ہنٹ گھر پر نہیں ہیں۔ پھر اس نے لوئیز کی والدہ کیرل کو چھرے سے قتل کیا۔ بعد میں جب لوئیز گھر میں داخل ہوئیں تو کلفرڈ نے انہیں باندھ کر زیادتی کی، پھر ان کے فون سے ان کے والد کو میسج بھیجا۔ جب لوئیز کی بہن حانا گھر لوٹیں تو اس نے لوئیز کو تیر مار کر قتل کر دیا اور کچھ ہی دیر بعد حانا کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
قاتل کی گرفتاری اور تحقیقات:
قتل کے بعد کلفرڈ فرار ہو گیا، لیکن پولیس نے 24 گھنٹوں میں اسے تلاش کر لیا۔ انفیلڈ کے ایک قبرستان میں گھیرے جانے پر اس نے خود پر تیر مار کر خودکشی کی کوشش کی، مگر زندہ بچ گیا۔ بعد میں وہ کئی ہفتے اسپتال میں زیر علاج رہا اور دورانِ تفتیش زیادہ تر خاموشی اختیار کیے رکھی۔
تفتیشی افسران نے واقعے کو "بہت زیادہ ظالمانہ اور بے رحمانہ” قرار دیا۔
لوئیز کے والد جان ہنٹ اور ان کی بیٹی ایمی نے کہا کہ اس صدمے کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔