(اُردو ایکسپریس) سندھ حکومت نے سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کے لیے پرائمری سے لے کر یونیورسٹی تک مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل جیل کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ اور وزیر جیل خانہ جات حسن علی زرداری نے شرکت کی۔
پروگرام انچارج پروفیسر معراج کے مطابق، یہ اقدام پیغام پاکستان پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے، اور سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے 3,000 سے زائد بچوں کے تعلیمی لیٹرز کی تیاری جاری ہے۔
وزیر تعلیم سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ ان بچوں کو سہارا دے اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو ان بچوں کے مستقبل کو بہتر بنا سکتا ہے۔