(اُردو ایکسپریس) سرفراز احمد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سفیروں میں شامل
سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد ان چار سفیروں میں شامل ہیں جنہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے نامزد کیا ہے، جو 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگی۔
وکٹ کیپر بیٹر، جس نے 2017 کے ایڈیشن کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 180 رنز کی شاندار فتح کے ساتھ پاکستان کو اس کا پہلا ٹائٹل جتوایا تھا، بھارت کے شیکھر دھون، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔
آئی سی سی کے بیان کے مطابق، "پاکستان کے 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد ایک آل اسٹار کاسٹ میں شامل ہیں، جس میں دو مرتبہ کے چیمپئن آسٹریلیا کے شین واٹسن، بھارت کی 2013 کی چیمپئن ٹیم کے پلیئر آف دی سیریز شیکھر دھون اور نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی بھی شامل ہیں۔”
سرفراز احمد نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ "چیمپئنز ٹرافی جیتنے اور سفید جیکٹ پہننے کا لمحہ کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے مزید کہا، "مجھے آج بھی وہ لمحات یاد ہیں جب میں نے پاکستان کے کپتان کے طور پر سفید جیکٹ پہنی اور ٹرافی بلند کی۔ قوم نے جس طرح اس کامیابی پر جشن منایا، وہ میرے دل کے بہت قریب ہے، اس لیے میں اس ایونٹ کی واپسی پر بہت خوش ہوں، خاص طور پر جب پاکستان کو اس کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔”