(اُردو ایکسپریس) ماہرین کا کہنا ہے کہ سال میں کم از کم ایک بار خون عطیہ کرنا نہ صرف خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے بلکہ صحت کے دیگر فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔ خون دینے سے پہلے کیے جانے والے ٹیسٹ بعض ممکنہ طبی مسائل کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ اس دوران اگر کوئی غیر معمولی علامت سامنے آئے تو بروقت علاج ممکن ہو جاتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق خون میں آئرن کی زیادتی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے اور اس کا تعلق کینسر پیدا کرنے والے فری ریڈیکلز سے جوڑا جاتا ہے۔ خون عطیہ کرنے سے جسم میں آئرن کی مقدار متوازن رہتی ہے، جس سے کینسر کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ خون عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ زیادہ پانی پیئیں اور صحت مند خوراک کا استعمال کریں تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے اور خون کا بہاؤ بہتر ہو۔ عطیہ سے پہلے ورزش کرنا مفید ہے، لیکن عطیہ دینے کے بعد آرام کرنا ضروری ہے۔