(اُردو ایکسپریس) اداکارہ حرا مانی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں خود کو بولی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور سے مشابہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف وہ کرینہ کی طرح دکھتی ہیں بلکہ اکثر ان کی نقل بھی کرتی ہیں۔
حرا مانی نے مزاحیہ انداز میں دعویٰ کیا کہ بھارتی فلم ساز امتیاز علی نے انہیں کہیں سفر کے دوران دیکھا ہوگا اور پھر ان سے متاثر ہو کر فلم جب وی میٹ میں کرینہ کپور کا کردار تخلیق کیا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ جب یہ فلم ریلیز ہوئی تو ان کی خالہ نے بھی کہا کہ فلم کی ہیروئن کا کردار بالکل ان جیسا ہے۔ بعد میں جب انہوں نے اپنی فیملی کے ساتھ فلم دیکھی تو انہیں بھی یہی لگا کہ کردار ان کی شخصیت سے کافی ملتا جلتا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ کرینہ کپور کے انداز کی نقل بھی اچھی طرح کر لیتی ہیں اور بعض اوقات لوگ انہیں دیکھ کر ’جب وی میٹ‘ کی گیت تصور کرنے لگتے ہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں کرنے پر انہیں اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حتیٰ کہ ان کے شوہر بھی انہیں انٹرویوز دینے سے منع کرتے ہیں۔
حرا مانی کے مطابق، بعض اوقات دو افراد کی عادات اور شخصیت بے ساختہ ایک جیسی لگنے لگتی ہیں، لیکن لوگ بغیر سمجھے انہیں کاپی کرنے کا الزام دے دیتے ہیں۔