(اُردو ایکسپریس) پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کے دوران بھارتی فلم ‘جنت’ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک واقعہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں فلم کی شوٹنگ کے موقع پر ان کی پہلی ملاقات بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی سے ہوئی۔ جاوید شیخ کے مطابق، جب انہوں نے عمران ہاشمی سے مصافحہ کرنے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو عمران نے لاپروائی سے ہاتھ ملایا اور منہ دوسری طرف پھیر لیا، جس پر انہیں بہت غصہ آیا۔
بعد ازاں، جب فلم کے عملے نے جاوید شیخ سے کہا کہ وہ ریہرسل کے لیے عمران ہاشمی کے پاس جائیں تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو ان کے پاس بھیجا جائے۔ اس پر عمران ہاشمی خود ان کے پاس آئے اور ریہرسل کی۔ جاوید شیخ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس طرح بھی انتقام لیا جا سکتا ہے۔
جاوید شیخ نے مزید کہا کہ زندگی میں مشکلات آتی رہتی ہیں، لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ پر یقین رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔