(اُردو ایکسپریس)
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید اور پورے سپورٹ اسٹاف کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد کوچنگ اسٹاف میں مکمل تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ ٹیم کے لیے الگ الگ ہیڈ کوچز مقرر کیے جائیں گے یا نہیں، لیکن عاقب جاوید اور ان کے معاون عملے کی برطرفی یقینی ہے۔ پی سی بی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں بار بار کوچز اور سلیکٹرز کی تبدیلی کی وجہ سے نئے امیدواروں کا انتخاب ایک مشکل کام بن چکا ہے۔
عاقب جاوید کو گری کرسٹن کے استعفے کے بعد پہلے وائٹ بال ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا، اور بعد میں انہیں ریڈ بال ٹیم کا بھی عبوری کوچ بنا دیا گیا۔ تاہم، اب پی سی بی مستقل کوچ کے تقرر پر غور کر رہا ہے، اور امکان ہے کہ غیر ملکی کوچز کے بجائے سابق پاکستانی کھلاڑیوں کو اس کردار کے لیے موقع دیا جائے گا۔
پاکستان ٹیم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں اسے پانچ ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔ پی سی بی نے اس سے قبل ہی نئے کوچز کے انتخاب کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد چیئرمین محسن نقوی سلیکشن کمیٹی میں بھی ممکنہ تبدیلیوں کے لیے بورڈ آف گورنرز سے مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، جہاں ٹیم کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔”