سپریم کورٹ کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حقدار ہیں مگر بدقسمتی سےکچھ ججز اس پہلو کو نظرانداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔سپریم کورٹ نے پنجاب کے قومی اسمبلی کے3 حلقوں میں دوبارہ گنتی کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جو چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حقدار ہیں مگر بدقسمتی سےکچھ ججز اس پہلو کو نظرانداز کرتے ہوئےتضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔ اکثریتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ہر آئینی ادارہ اور آئینی عہدے دار احترام کا مستحق ہے، ادارےکی ساکھ میں اس وقت اضافہ ہوتاہے جب وہ احترام کے دائرہ میں فرائض سرانجام دے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ یہ تسلیم شدہ حقیقت ہےکہ 3حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں 9 اور 10فروری کوآگئی تھیں، 5 اگست2023کو الیکشن ایکٹ2017 میں ترمیم کےذریعے ریٹرننگ افسرکو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کااختیار دیا گیا۔