(اُردو ایکسپریس) ایبٹ آباد کی رہائشی انیلہ بی بی، جو بھارہ کہو اسلام آباد میں مقیم تھیں، 9 فروری کو اپنے شوہر اور سسر کے ساتھ رشتہ دار کے گھر جانے کے لیے روانہ ہوئیں۔ سفر کے دوران، جب ان کی گاڑی بنی گالہ کورنگ روڈ پر پہنچی، تو ان کے سسر نے پیچھے سے گلے میں رسی ڈال کر ان کا گلا گھونٹ دیا۔ اس وقت مقتولہ کا شوہر گاڑی چلا رہا تھا اور اس جرم میں اپنے والد کے ساتھ شریک تھا۔
قتل کو چھپانے کے لیے ملزمان نے لاش کو سڑک حادثہ قرار دے کر اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا اور پولیس کو بتایا کہ کسی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے انیلہ بی بی کی موت ہوئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر حادثے کے طور پر مقدمہ درج کر لیا، لیکن مقتولہ کے والد کے شک کے بعد معاملے کی ازسرِنو تفتیش کی گئی۔ غسلِ میت کے دوران جسم پر کوئی زخم نہ ہونے اور صرف گلے پر نشانات پائے جانے کے شواہد سامنے آئے، جس کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور سسر کو حراست میں لے لیا۔
تفتیش کے دوران دونوں نے اعترافِ جرم کر لیا اور بتایا کہ گھریلو تنازعات اور ساس بہو کی لڑائیوں کی وجہ سے قتل کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔