(اُردو ایکسپریس) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ایڈم زمپا نے لاہور میں سیکیورٹی انتظامات کو بہترین اور محفوظ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر سخت سیکیورٹی میں ان کا استقبال کیا گیا، جہاں انہیں منی بسز کے ذریعے محفوظ انداز میں منتقل کیا گیا۔ ہوٹل کے اطراف بھی سخت سیکیورٹی موجود ہے، اور کھلاڑیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ محفوظ طریقے سے لے جایا جاتا ہے۔
زمپا کا مزید کہنا تھا کہ ہوٹل میں اوپن ڈور پالیسی ہے، جس کے تحت کھلاڑی آپس میں مل سکتے ہیں، گیمز کھیل سکتے ہیں، ہیئر کٹ کروا سکتے ہیں اور کافی انجوائے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایسے ٹورز مشکل ہوتے ہیں، مگر اس سے ٹیم میں ہم آہنگی بڑھتی ہے۔
دوسری جانب، آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے بھی پاکستان میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور ساتھ وقت گزارنے پر توجہ دی ہے۔ ان کے مطابق، ٹریننگ بہترین ہو رہی ہے اور سب کچھ مثبت ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہے، اور ان کا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔