(اُردو ایکسپریس) پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال کر دی گئی، تاہم صارفین کو اب بھی سوشل میڈیا ایپس پر اپلوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زیرِ سمندر کیبل سسٹم میں نصب ریپیٹر کی مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی معمول پر آ گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم نے 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے مرمتی کام کا آغاز کیا تھا جو تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہا۔ یہ کام شیڈول مینٹیننس پلان کا حصہ تھا، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی نیٹ ورک سے جوڑنے والے زیرِ سمندر مواصلاتی نظام کی کارکردگی اور استحکام کو بہتر بنانا تھا۔
مرمت کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور جزوی تعطل کا سامنا رہا۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے پہلے ہی صارفین کو ممکنہ سست روی سے متعلق آگاہ کر دیا تھا اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اثرات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی تھی۔ ترجمان کے مطابق مرمت مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ اسپیڈ اور ڈیٹا ٹریفک معمول کے مطابق ہو چکے ہیں، جبکہ لیٹنسی لیولز میں بھی بہتری آئی ہے۔ترجمان نے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ مرمتی عمل ضروری تھا تاکہ پاکستان بھر میں کروڑوں صارفین کو قابلِ اعتماد اور بلا تعطل انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جا سکے۔” دوسری جانب مرمت کے باوجود انٹرنیٹ سروسز تاحال سست روی کا شکار ہیں، صارفین نے شکایت کی ہے کہ سوشل میڈیا ایپس پر اپلوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ سروسز کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے نیٹ ورک مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے