تازہ ترین کھیل

سپرایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں قومی ٹیم میں 2تبدیلیوں کا امکان

Share:
Spread the love

(اردو ایکسپریس) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا آج باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، جہاں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے آٹھ ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ سپر ایٹ مرحلے کے پہلے معرکے میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ قومی کرکٹ ٹیم آمنے سامنے ہوں گی، یہ مقابلہ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا،میدان تیار ہے اور شائقین کو ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، جس سے ٹیم کمبی نیشن میں بہتر توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی متاثرکن رہی۔ پاکستان نے گروپ اے میں تین میچ جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں تین فتوحات کے ساتھ دوسری جگہ اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں، جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں 24 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ کو 13 جبکہ پاکستان کو 9 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر یادگار فتح اپنے نام کی تھی، جسے گرین شرٹس کی اہم کامیابی قرار دیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے