(اُردو ایکسپریس) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے، پاکستان کو میچ نہ کھیلنے کی صورت میں دو پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
پاکستان کے اس فیصلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے، این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کے مطابق سری لنکا جائے گی۔
ترجمان بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم سری لنکا جائے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطوں پر عمل کرے گی۔ بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس میں بھی شریک ہو گی۔بھارت کی کرکٹ ٹیم مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچے گی اور میچ ریفری کی جانب سے میچ منسوخ کیے جانے کا انتظار کرے گی، جیسے ہی میچ منسوخی کا اعلان ہو گا بھارت کو بغیر میچ کھیلے دو پوائنٹس مل جائیں گے۔