(اردو ایکسپریس) طوفانی بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں طوفانی بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ نیا اسپیل ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، آندھی اور غیر معمولی طور پر اپریل کے مہینے میں برف باری کا سبب بنے گا۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس سلسلے کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔اس دوران چلنے والی تیز آندھی سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے