(اُردو ایکسپریس) شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کی ضمانت منظور کرلی گئی تاہم مفرور شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والی دلہن کی گرفتاری کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی،مجسٹریٹ آفتاب احمد نے گرفتار دلہن کی ضمانت منظور کرلی، 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ملزمہ کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اسے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار لڑکی کی ایک ماہ قبل شہریار علی کے ساتھ شادی ہوئی ہے اور شادی کے بعد فائرنگ کی وڈیو سامنے آنے پر پولیس نےکارورائی کی۔ حکام نے کہا کہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے پہنچی تو لڑکی کا شوہر موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے پنجاب آرمزترمیمی آرڈیننس 2015 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مفرور شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔