(اردو ایکسپریس) عدالت نے خاتون جج کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے پر وکیل کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔پشاور ہائی کورٹ میں خاتون جج کے ساتھ ہتک آمیز رویہ کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز انوار نے وکیل کو ہتک آمیز رویہ پر سزا سنائی، عدالت کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سوات کے رکن وکیل نے ایک خاتون سول جج کو مبینہ طور پر دھمکیاں دیں اور نامناسب زبان استعمال کی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم وکیل نے مبینہ طور پر من پسند فیصلہ حاصل کرنے کے لیے خاتون جج پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جو عدالتی وقار اور قانون کی بالادستی کے منافی ہے۔ عدالت کے مطابق وکیل کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب غیر تسلی بخش تھا جبکہ وہ بعض مواقع پر پیش بھی نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سزا سنائی۔ ماہرین کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ عدلیہ کے وقار اور ججز کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عدالتی نظام پر دباؤ ڈالنے یا ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔